کراچی: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بزرگ اور بیمار مسافروں کی سہولت کے لیے بلامعاوضہ مساج کرسیاں نصب کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایسی مساج کرسیاں نصب کی گئی ہیں جنھیں بزرگ اور بیمار مسافر بلا معاوضہ استعمال کر سکیں گے۔
ایئرپورٹ منیجر آفتاب خان گیلانی نے بتایا کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنجز میں نصب کی گئی ان مساج کرسیوں کا مقصد مسافروں کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔
انھوں نے کہا ہم ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لیے انتہائی سہولت اور اطمینان کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں، دنیا بھر کے دیگر ہوائی اڈوں کے برعکس سی اے اے نے بلا معاوضہ سروس متعارف کرائی ہے۔
منیجر ایئرپورٹ نے کہا کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے ہم اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مزید دلکش ماحول کے ساتھ لاؤنجز کی خوب صورتی کو بڑھانا چاہتے ہیں۔