کراچی میں بڑھتے ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے کمشنر کراچی نے ڈمپرز اور ٹینکرز کے لیے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
کراچی میں ڈمپرز اور ٹینکرز سمیت دیگر ہیوی ٹریفک حادثات سے اموات کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ کمشنر کراچی نے شہر میں ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے ڈمپرز اور ٹینکرز کے لیے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس کے تحت دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
کمشنر کراچی نے دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ہیوی ٹریفک کے شہر قائد میں داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔ اس کا اطلاق مال بردار ڈمپرز پر بھی ہوگا۔
یہ پابندی ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر لگائی گئی ہے اور اس پابندی کے تحت ہیوی ٹریفک کو صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگ۔ی
ہیوی ٹریفک کو سپر ہائی وے سے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا براستہ سلپ روڈ چلنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ نیشنل ہائی وے سے گودام چورنگی براستہ منزل پٹرول پمپ، یونس چورنگی، داؤد چورنگی سے جام صادق چلنے کی اجازت ہوگی۔
ناردرن بائی پاس سے پراچہ چوک، اسٹیٹ ایونیو، سیمینس چورنگی سے گلبائی ماڑی پور روڈ پر بھی ہیوی ٹریفک کو آمدورفت کی اجازت ہوگی۔
کمشنر کراچی کی جانب سے اس پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، اور اس میں پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ حکام کو شکایت درج کرکے کارروائی کرنے کے اختیارات بھی تفویض کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس کے تین ماہ میں 100 سے زائد معصوم شہری اپنی جانوں سے گئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ردعمل میں کئی علاقوں میں ڈمپرز اور ٹینکرز جلانے کے واقعات بھی ہوئے۔