کراچی : سندھ سیکریٹریٹ میں ایس او پیز کی پابندی کے باوجود ڈپٹی سیکریٹری سروسز عدیل سمیت 7 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کی وبا نے ہزاروں شہریوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس میں سندھ کے حکمران بھی شامل ہیں، سندھ سیکریٹریٹ میں احتیاطی تدابیر کے باوجود کرونا کا پھیلاؤ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تین سیکریٹریز، ایک ڈپٹی سیکریٹری سمیت 7 ملازمین کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، ڈپٹی سیکریٹری سروسزعدیل سمیت متعدد ملازمین میں کرونا کی تصدیق ہوگئی۔
سیکریٹری تعلیم خالد حیدر کی پہلے ہی کرونا رپورٹ مثبت آنے پر قرنطینہ میں ہیں جبکہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز عمران عطا سومرو کا بھی کرونا ٹیسٹ پازیٹو ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکریٹری بلدیات روشن شیخ 14 دن سے سیلف آئسولیشن میں ہیں۔
خیال رہے کہ سندھ بھر میں کرونا وائرس کے 51 ہزار 518 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے 816 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 24 ہزار 387 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔