کراچی : کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں اللہ والی مسجد کے قریب دو مذہبی جماعتوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا، فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دو مذہبی جماعتیں آمنے سامنے آگئیں اور ایک دوسرے پر فائرنگ اور پتھراؤ شروع کردیا جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی کورنگی کامران خان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور حالات پر قابو پانے کیلئے پولیس کی نفری کو تعینات کردیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی کورنگی کامران خان نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ واقعہ ایک مذہبی جماعت کا چوک پرجھنڈا لگانے پرشروع ہوا، دوسری مذہبی جماعت کے کارکن سے تلخ کلامی ہوئی جس پرجھگڑا مزید بڑھ گیا۔
تلخ کلامی کے بعد بات فائرنگ اور پتھراؤ تک جا پہنچی جس سے 6 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دو مذہبی جماعتوں کے درمیان مسلح تصادم کے بعد فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، علاقے کی دکانیں بند کردی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں جعفر، جنید، سید رضا، ساجد، عادل اور حماد شامل ہیں، واقعےکی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ اس وقت حالات کنٹرول میں ہیں، واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
رزاق آباد میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی
علاوہ ازیں دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے رزاق آباد دھنی پرتو گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی شخص اور اس کے والد کو شاہ فیصل پل سے نامعلوم نے ملزمان اغوا کیا، ملزمان ایس پی نمبر پلیٹ کی سفید کار میں سوار تھے،
اغوا کار ملزمان مغوی باپ بیٹے سے ان کے بنک اکاؤنٹ کی تفصیلات پوچھتے رہے، بعد ازاں اغواکاروں نے زخمی شخص کے والد کو لانڈھی مرتضیٰ چورنگی پر اتار دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے متاثرہ شہری کو رزاق آباد کے قریب اتار کر اس پرفائرنگ بھی کی، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔