خیرپور: سندھ میں برادریوں کے درمیان ہونے والے تنازعے مزید دو زندگیاں نگل گیا۔
صوبہ سندھ کے ضلع خیر پور میں برادریوں کے درمیان ہونے والے جھگڑوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، ایسا ہی واقعہ خیر پور میں کچے کے علاقے میں پیش آیا،جہاں تنازعے کے باعث دو برادریاں آپس میں گھتم گتھا ہوئی، نوبت فائرنگ تک جاپہنچی۔
دونوں برادریوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو افراد قتل جبکہ تین زخمی ہوگئے، تاہم پولیس موقع پر نہ پہنچ سکی۔
دو افراد کے قتل کے بعد متاثرہ برادری کے سینکڑوں افراد لاشیں لے کر نیشنل ہائی وے جاپہنچے اور لاشوں کے ساتھ دھرنا دے دیا جس کے باعث سندھ اور پنجاب کے درمیان ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں برادریوں کے درمیان گذشتہ چھ ماہ سے تنازعہ چلا آرہا ہے، جس کے باعث دونوں فریقین آئے دن ایک دوسرے پر حملہ کرتے ہیں، گذشتہ چھ ماہ کے دوران جاری تنازعے کے باعث اب تک 15 افراد مارے جاچکے ہیں۔