شیخوپورہ: پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں کانگو وائرس سے متاثر ہونے والا مریض جاں بحق ہو گیا ہے، محکمہ صحت نے اس کے ساتھ رابطے میں آنے والے افراد کی ٹریسنگ شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کا رہائشی کانگو وائرس کا شکار مریض رضا علی دوران علاج دم توڑ گیا، رضا علی پیشے کے لحاظ سے قصاب تھا۔ سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ رضا علی کے رابطے میں آنے والوں کی کونٹیکٹ ٹریسنگ کی جا رہی ہے۔
کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ اب تک رضا علی کے رابطے میں آنے والے 15 افراد کو ٹریس کیا جا چکا ہے، جانوروں کے پاس جانے میں بے احتیاطی سے شہری کانگو کا شکار ہوا تھا، رضا علی 5 دن سے میو اسپتال میں زیر علاج تھا۔
انھوں نے کہا کانگو وائرس جانوروں کی جلد خصوصا کانوں کے پیچھے موجود چچڑیوں سے پھیلتا ہے، اس میں تیز بخار، کمر یا سر میں شدید درد کی علامات ظاہر ہوتی ہیں، قے آنا یا ناک سے خون بہنے جیسی علامات بھی ظاہر ہو سکتی ہیں۔
سیکریٹری ہیلتھ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ جانوروں کے پاس بلا وجہ جانے سے مکمل گریز کریں، ضرورت کے تحت جانوروں کے پاس جائیں تو احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔