نئی دہلی: بھارتی ریاست آسام میں اپوزیشن کی بڑی جماعت کانگریس کے رکن پارلیمنٹ رقیب الحسین پر نامعلوم ملزمان نے بلے سے حملہ کر دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مذکورہ واقعہ ضلع ناگون میں پیش آیا۔ رقیب الحسین حلقہ دھوبری سے لوک سبھا کے رکن ہیں جو نامعلوم افراد کے حملے میں بال بال بچ گئے۔
رقیب الحسین پر بلے سے اُس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ناتون بازار میں پارٹی کارکنوں کی میٹنگ میں شرکت کیلیے روانہ ہو رہے تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نامعلوم حملہ آور نے فرار ہونے سے قبل رکن پارلیمنٹ پر بلے سے حملہ کیا جبکہ دیگر ملزمان ان کے سکیورٹی اہلکاروں کو مار رہے تھے، ایک اہلکار نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔
فوری طور پر حملے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم کانگریس نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
کانگریس رہنما اور آسام اسمبلی میں قائد حزب اختلاف دیببرتا سائکیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو امن و امان میں بہتری کے بارے میں بریف کیا جاتا ہے لیکن ایک رکن پارلیمنٹ بھی سڑکوں پر محفوظ نہیں، اس کی تحقیقات کی ضرور ہونی چاہیے۔
آسام کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ہرمیت سنگھ نے بتایا کہ رقیب الحسین محفوظ ہیں، ان پر ایک نامعلوم گروہ نے حملہ کیا، حملے میں دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔