جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

جنگ بندی میں امریکی کردار پر مودی کی خاموشی، کانگریس نے بڑا اعلان کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کے ساتھ جنگ بندی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مکمل خاموشی اختیار کرنے پر کانگریس نے بڑا اعلان کر دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق کانگریس نے آپریشن سندور میں سیاست کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی میں امریکی کردار پر نریندر مودی کی خاموشی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔

پارٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کانگریس کے کمیونیکیشن انچارج جیرام رمیش نے بتایا کہ ہم نے کبھی بھی ملکی سکیورٹی پر سیاست نہیں کی، نریندر مودی این ڈی اے کے وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کر رہے ہیں مگر دوسری ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے کیوں نہیں ملتے؟ کرناٹک اور مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ کا کیا قصور ہے؟

یہ بھی پڑھیں: رافیل ڈیل میں کرپشن: کانگریس رہنماؤں نے مودی سرکار کا بھانڈا پھوڑ دیا

جیرام رمیش نے بتایا کہ اجلاس میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی انتقامی کارروائی کے اچانک خاتمے نے کئی سوالات کھڑے کر دیے اور مودی حکومت کی اس معاملے پر مکمل خاموشی ناقابلِ فہم اور ناقابل قبول ہے۔

قراردار میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک دو طرفہ مسئلہ ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے نے ایک ایسے معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھا دیا جسے دو طرفہ فریم ورک کے اندر مضبوطی سے رہنا چاہیے۔

نریندر مودی کی حقیقی مسائل پر مکمل خاموشی اور سیاست کا الزام لگاتے ہوئے جیرام رمیش نے کہا کہ کانگریس آنے والے دنوں میں مختلف ریاستوں میں احتجاج کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ راہول گاندھی جمعے کو دہلی میں ایک پریس کانفرنس کریں گے اور مختلف مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

’ہم براہ راست نریندر مودی سے سوالات کریں گے، احتجاجی ریلیوں کے ذریعے ہم ان سے جواب طلب کریں گے اور ان سے پوچھیں گے کہ وہ خاموش کیوں ہیں؟ بھارتی وزیر اعظم ملک کو اعتماد میں کیوں نہیں لیتے کہ جنگ بندی میں امریکا کا کیا کردار ہے؟‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں