بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے حال ہی میں سیاست میں قدم رکھا ہے، اداکارہ اپنے متنازع بیانات کے باعث خبروں میں رہنے کا ہنر جانتی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین نیشنل کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کے خلاف جملے بازی کرنے پر کانگریس کی جانب سے بھارتی اداکارہ کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔
کانگریس کی جانب سے کنگنا رناوت کے اس الزام پر سخت ردعمل ظاہر کیا جارہا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہماچل پردیش کی کانگریس حکومت نے سونیا گاندھی کو قدرتی آفت کے امدادی فنڈز غیر قانونی طور پر منتقل کیے۔
کنگنا کو وارننگ دیتے ہوئے ہماچل پردیش کے وزیر برائے تعمیرات عامہ وکرم آدتیا سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ یا تو اپنے بیان کو واپس لیں یا قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوجائیں۔
ہماچل پردیش کے وزیر برائے تعمیرات عامہ وکرم آدتیا سنگھ نے کہا کہ اگر کنگنا اپنا بیان واپس نہیں لیتیں، تو ہم ان پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کس بنیاد پر انہوں نے ایسا الزام لگایا؟ یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ انہوں نے سونیا گاندھی جیسی شخصیت کے خلاف بدزبانی کی۔
وکرم آدتیا سنگھ کا کہنا تھا کہ میں کنگنا کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ایک روپیہ بھی منتقل ہونے کا ثبوت پیش کریں یا سونیا گاندھی سے معافی مانگیں۔
کنگنا رناوت کو راہول گاندھی کی تصویر بگاڑ کر پوسٹ کر مہنگا پڑ گیا
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک احمقانہ بیان ہے کہ مرکز سے آنے والے فنڈز یا ریاستی ترقیاتی فنڈز سونیا گاندھی کو دیے جا رہے ہیں۔