پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

لندن میں پاکستانی سرجڑی بچیوں کو کامیاب آپریشن کے بعد علیحدہ کردیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانیہ کے گریٹ اورمونڈ اسٹریٹ اسپتال میں پاکستانی سرجڑی جڑواں بچیوں کو 50 گھنٹے کے کامیاب آپریشن کے بعد علیحدہ کردیا گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چارسدہ سے تعلق رکھنے والی دو بہنوں صفا اور مروہ کا لندن کے گریٹ اورمونڈ اسپتال میں کامیاب آپریشن کیا گیا اور اس آپریشن کی سیریز میں مجموعی طور پر 50 گھنٹے کا دورانیہ صرف ہوا جس کے بعد وہ اب تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں۔

دو سالہ صفا اور مروہ کے جڑے ہوئے سروں کو علیحدہ کرنے کے لیے 4 ماہ کے عرصے میں تین بڑے آپریشن کیے گئے اور اس تمام عمل میں 100 اسٹاف ممبر شامل تھے۔

- Advertisement -

رپورٹ کے مطابق بچیوں پہلا آپریشن اکتوبر 2018 میں ہوا جب ان کی عمر 19 ماہ تھی، آپریشن 20 گھنٹے جاری رہا اور اس میں 20 اسٹاف ممبر نے حصہ لیا۔

صفا اور مروہ کا حتمی آپریشن 11 فروری کو کیا گیا جس کے بعد وہ لندن میں تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں اور آئندہ سال پاکستان واپس جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

صفا مروہ پشاور کے علاقے حیات آباد کے ایک اسپتال میں 7 جنوری 2017 کو پیدا ہوئی تھیں ان کے سر جڑے ہوئے تھے اور اسے میڈیکل کی زبان میں کارنیوپیگس ٹوئن کہا جاتا ہے۔

دونوں بچیوں کی پیدائش سے دو ماہ قبل ان کے والد کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا، بچیوں کی والدہ زینب بی بی نے اسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے کرم سے وہ آج دونوں بچیوں کو علیحدہ علیحدہ دیکھ کر بہت خوش ہیں۔

گریٹ اورمونڈ اسپتال کے نیورو سرجن الاویس جیلانی کے مطابق صفا اور مروہ کا کیس انتہائی نازک تھا جس کے باعث انہوں نے آُپریشن کے لیے بہت تیاری کی اور تھری ڈی ٹیکنالوجی کا سہارا لیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق دونوں بچیاں فزیو تھراپی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور طبی عملہ ان کی مکمل نگرانی کررہا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں بچیوں کے نام مکہ میں مقدس پہاڑیوں صفا اور مروہ کے نام پر رکھے گئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں