نئی دہلی: تہاڑ جیل میں 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں قید سکیش چندر شیکھر نے بالی وڈ کی معروف اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کیلیے انوکھا تحفہ خرید لیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 6 اپریل 2025 کو جیکلین فرنانڈیز کی والدہ کم فرنانڈیز دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔
سکیش چندر شیکھر نے جیل سے جیکلین فرنانڈیز کے نام خط لکھا جس میں اس نے والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ اس نے اداکارہ کیلیے بالی میں ٹیولپ گارڈن خریدا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیکلین فرنانڈیز کو 107 سال پرانا انگور کا باغ تحفے میں مل گیا
اس خط میں لکھا کہ آپ کی والدہ ہمارے اردگرد ہے۔ میں جانتا ہوں کہ آپ کس تکلیف سے گزر رہی ہیں لیکن میں اس سے بھی زیادہ تکلیف میں ہوں کیونکہ بہت کم عرصے میں، میں آپ سب سے زیادہ ان کے قریب ہوگیا تھا۔
جیکلین فرنانڈیز کے مبینہ بوائے فرینڈ نے لکھا کہ یہ تسلیم کرنا بہت مشکل ہے کہ وہ بہت جلد اس دنیا سے چلی گئیں، والدہ نے مجھے جو کہا تھا میں اس وعدے پر قائم ہوں۔
’میں نے جزیرے کا ایک بڑا خرید لیا ہے جہاں ابھی کاشتکاری جاری ہے۔ یہ مکمل طور پر پرائیویٹ ہے۔ میں آج آپ کو یہ گارڈن آپ کے ایسٹر گفٹ کے طور پر والدہ کی یاد میں تحفے میں دے رہا ہوں۔ میں آپ کو تسلی دینے کیلیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہوں اور آپ کو یہ احساس دلانے کیلیے کہ میں اس وقت آپ کے ساتھ ہوں۔‘
سکیش چند شیکھر نے بتایا کہ اس نے والدہ کیلیے ویٹیکن میں خصوصی دعائیہ اجتماع کا اہتمام کروایا۔
واضح رہے کہ سکیش چندر شیکھر کو 200 کروڑ منی لانڈرنگ کے کیس کا سامنا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی تحقیقات کے دوران جیکلین فرنانڈیز کے ساتھ اس کا تعلق سامنے آیا۔
بعدازاں دونوں کی ایک ساتھ تصاویر بھی سامنے آئیں جس سے ان کے تعلق ثابت ہوا لیکن بالی وڈ کی اداکارہ ملزم سے تعلق کا انکار کرتی ہیں۔