تازہ ترین

4 ماہ کے اندر حلقہ بندیاں مکمل کی جائیں، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے 4 ماہ میں حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر تمام اعداد وشمار فراہم کریں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن اور سینئرافسران نے شرکت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کو بریفنگ دی گئی کہ 2017 کی مردم شماری کےتحت اسمبلیوں کی حلقہ بندی کا آغاز کردیا گیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے 4 ماہ میں حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ فوری طور پر تمام اعداد وشمار فراہم کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے 13 اپریل کو تمام متعلقہ حکام سے عام انتخابات کیلیے مکمل ایکشن پلان بھی طلب کرلیا ہے اور تمام امور کی مانیٹرینگ بروقت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے حکومت سے فنڈز فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ بلدیاتی انتخابات پہلے ہی تاخیر کا شکار ہیں مزید التوا آئین وقانون کی خلاف ورزی ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک میں جمہوری عمل اور شفافیت کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کر رہے ہیں اور الیکشن کمیشن آئندہ بھی آئینی کردارادا کرنے کو یقینی بنائے گا۔

Comments

- Advertisement -