اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

پی ایس7ضمنی انتخاب: پیپلزپارٹی کا امیدوارکامیاب، فنکشنل لیگ دوسرے نمبرپر

اشتہار

حیرت انگیز

گھوٹکی : صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 7 گھوٹکی کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوارعبدالباری پتافی فاتح قرار پائے ہیں، انہوں نے فنکشنل لیگ کے امیدوار عبدالمالک کو شکست دی، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے حلقہ پی ایس 7 میں ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ کے بعد تمام 164پولنگ اسٹیشنز پر گنتی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوارعبدالباری پتافی 4 ہزار 114 ووٹ لے کرپہلے نمبر پر جبکہ فنکشنل لیگ کے امیدوار عبدالمالک 36 ہزار 987 ووٹ لے کردوسرے نمبر پر رہے، ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

نہ میر جو نہ پیر جو ووٹ بینظیر جو‘‘ بلاول بھٹو زرداری’’

پیپلزپارٹی کے امیدوار کی کامیابی پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عبدالباری پتافی اور عوام کو مبارکبا دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ’’نہ میر جو نہ پیر جو ووٹ بینظیر جو‘‘ سیاسی یتیموں کے ٹولے کو عبرتناک شکست عوام کی فتح ہے۔

بلاول بھٹو کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ گھوٹکی ضمنی انتخاب 2018 کے انتخابات کا ٹریلر ہے، سندھ کے عوام نے عام انتخابات کا بھی فیصلہ دے دیا، فتوحات کا یہ سلسلہ اب ملک بھر میں جاری ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام مخالفین کو اپنے وزن کا پتا چل گیا، سیاسی بونے اب توبہ کریں اور خواب دیکھنا چھوڑ دیں کیونکہ اب ملک میں صرف تیر چلےگا۔

واضح رہے کہ گھوٹکی کے حلقہ پی ایس 7 میرپور ماتھیلو اور ڈہرکی کے علاقوں پرمشتمل ہے، حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد ایک لاکھ 79 ہزار 843  ہے، جن کے لیے 164 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے۔

پیپلز پارٹی اور فنکشنل لیگ سمیت 7 آزاد امیدواروں نے مقابلہ میں حصہ لیا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس اہلکاروں سمیت رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں گھوٹکی سے منتخب ہونے والے رکن سندھ اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے رہنما سردار احمد علی خان پتافی کے انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں