جمعہ, اکتوبر 11, 2024
اشتہار

ٓئینی ترامیم کا معاملہ 25 اکتوبر سے آگے بھی جا سکتا ہے، پی پی رہنما

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کا معاملہ 25 اکتوبر سے آگے بھی جا سکتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نواز شریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کے وفد نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی ترامیم کا معاملہ 25 اکتوبر سے آگے بھی جا سکتا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہمیشہ ملاقات بہت اچھی رہتی ہے۔ ملاقات سے آگے بھی بات چلے گی، یہ سیاست میں ہوتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ آئینی ترامیم پر اتفاق رائے ہو جائے اور اتفاق رائے کے لیے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے۔

- Advertisement -

پی پی رہنما نے کہا کہ آئینی عدالت اور جوڈیشل ریفارمز پر بات ہو رہی ہے۔ ہم ہر سیاسی جماعت سے ملاقات کر رہے ہیں اور کوشش ہے کہ خصوصی کمیٹی میں تمام معاملات رکھیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ میثاق جمہوریت پر نواز شریف کے ساتھ ہمارے پرانے تعلقات ہیں۔

اس سے قبل پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کئی بار اس خواہش کا اظہار کرچکے ہیں کہ آئینی ترامیم 25 اکتوبر سے قبل ہو جائیں اور وہ اس کے لیے بھرپور کوشاں ہیں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی مدت ملازمت 25 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔ اس تناظر میں بلاول بھٹو کے مذکورہ بیان کو سیاسی حلقوں میں اہم گردانا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ 90 فیصد فیصلہ ہوگیا ہے کہ آئینی ترامیم نہیں لائی جا رہی ہیں اور حکومت نے وعدہ کر لیا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ کا بطور چیف جسٹس تقرری کا نوٹیفکیشن اسی ہفتے جاری کر دیا جائے گا۔

90 فیصد فیصلہ ہوگیا آئینی ترامیم نہیں آ رہی، فواد چوہدری کا انکشاف

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں