ووہان : چینی شہر ووہان میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ریسرچ لیبارٹری اور ویکسین کی تیاری کیلئے کمپلیکس کی تعمیر مکمل کرلی گئی ، جو ہرسال کورونا ویکسین کی 100 ملین ڈوزز تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین سے دنیا کیلئے اہم خبر آگئی، چینی شہر ووہان جہاں سے کورونا وائرس کی وبا پھوٹی تھی ، وہاں وائرس کو قابو کرنے کے لیے ریسرچ لیبارٹری اور کورونا ویکسین کیلئے پروڈکشن کمپلیکس تیار کرلیا گیا ہے۔
یہ کمپلیکس ووہان انسٹی ٹیوٹ آف بیالوجیکل پروڈکٹس میں واقع ہے، جو چین نیشنل بائیوٹیک گروپ (CNBG) سونوفرم سے وابستہ ہے۔
یہ لیب پیتھوجینک وائرس کی ویکسینز کا مطالعہ کرنے کی حامل ہے اور ہرسال کورونا وائرس ویکسین کی 100 ملین ڈوزز تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس کمپلیکس کو ووہان میں تیزی رفتاری سے دو عارضی اسپتال ، ہووشنشن اور لیزنشان تعمیر کرنے والی ٹیم نے صرف 100 دن اور راتوں میں تیار کیا ہے۔
اس سے قبل بیجنگ میں تعمیر شدہ ایک سی این بی جی کارخانے کے ساتھ کورونا وائرس کی سالانہ 20کروڑ غیر فعال ویکسینز کی تیاری متوقع ہے، جس سے مناسب فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔
ڈبلیو آئی بی پی نے 12 اپریل کو پہلے اور دوسرے مرحلے میں امیدواروں پر غیر فعال کورونا ویکسین کی کلینیکل آزمائش کا آغاز کیا تھا، جس میں 18 سے 59 سال کی عمروں کے درمیان 1ہزار 120 رضاکاروں نے حصہ لیا تھا۔
یاد رہے چند روز قبل چین نے پہلی کورونا ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں بڑی کامیابی حاصل کی تھی ، ویکسین ملٹری ریسرچ یونٹ اور کانسینو بائیولوجکس نے تیار کی اور کرونا وائرس سے ہونے والے انفیکشن سے بچانے کی صلاحیت کی حامل ویکسین چینی فوج استعمال کرے گی۔
کمپنی نے بتایا تھا کہ یہ ویکسین کلینیکل ٹرائلز کے بعد محفوظ اور کچھ مؤثر ثابت ہوئی ہے، Ad5-nCoV نامی یہ ویکسین چین کی ان 8 عدد ویکسینز میں سے ایک ہے، جن کی چین کے اندر اور باہر دیگر ممالک میں انسانوں پر آزمائش کی اجازت دی جا چکی ہے، اس ویکسین کی کینیڈا میں بھی ہیومن ٹیسٹنگ کی اجازت مل چکی ہے۔
کانسینو کمپنی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن نے 25 جون کو ملٹری کے لیے اس ویکسین کے استعمال کی ایک سال کے لیے منظوری دی۔