راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ویڈیوکانفرنس کے ذریعے جاپانی وزیر دفاع سے بات چیت ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور جاپانی وزیر دفاع میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ ہوا جس میں باہمی دلچسپی، فوجی اور سیکیورٹی تعاون سمیت کرونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
جاپانی وزیردفاع نے کروناو ٹڈی دل خطرات سے کامیابی سے نمٹنے کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطےمیں امن واستحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے پاک فوج کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور جاپانی وزیر دفاع کے درمیان کرونا کی صورتحال میں بہتری کے فوری بعد باہمی رابطوں،اینٹی پائریسی سمیت دفاعی تعاون کے شعبے میں تربیت اورتعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے جاپانی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔