اسلام آباد : سابق وزیراعظم نوازشریف کی ریلی کی صورت اسلام آباد سے لاہور روانگی کے سفر کے لیے بُلٹ پروف کنٹینرتیار کرلیا گیا ہے جس میں ایئر کنڈیشن سمیت ضروریاتِ زندگی کا تمام سامان موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے لاہور آمد کے موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے لیے خصوصی کنٹینر تیار کیا گیا ہے جس میں بستر، صوفے سمیت ضرورت کا تمام سامان موجود ہے جب کہ کنٹینر مکمل طور اے سی ہوگا جس میں باہر کا منظر دیکھنے کے لیے شیشے کی کھڑکیاں بھی لگائی گئی ہیں۔
کنٹینر کی بیرونی دیواروں پرنواز شریف، مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کی تصویریں بھی آویزاں کی گئی ہیں جب کہ نوازشریف اور ان کے رفقاء کے آرام کے لیے کینٹینر میں تمام سہولیات موجود ہیں جو تین دن تک سابق وزیراعظم کے استعمال میں رہے گا۔
دوسری جانب صدقے کیلئے 7 بکرے پنجاب ہاؤس اسلام آباد پہنچا دیے گئے ہیں جنہیں سابق وزیراعظم کی روانگی سے قبل قربان کیا جائے گا اور صدقے کا گوشت غرباء میں تقسیم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سابق وزیراعظم نوازشریف کو پنجاب ہاؤس سے الوداع کریں گے جہاں سے اُن کا پہلا پڑاؤ جہلم میں ہوگا اور ان کا قافلہ جہلم ہی میں رات کو قیام کرے گا جس کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ایک نجی ہوٹل خالی کرا لیا گیا ہے۔
اسی طرح سابق وزیراعظم نواز شریف کا دوسرے دن مختلف مقامات پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے رات گئے گوجرانوالہ پہنچیں گے جہاں ان کے استقبال اور قیام کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
گوجرانوالہ میں رات قیام کے بعد نوازشریف لاہور کے لیے روانہ ہوں گے اور مختلف مقامات پر کارکنان خطاب کریں گے اور یوں کارواں اپنے مزنل مقصود تل پہنچ جائے گا جس کے لیے ہائی سیکیورٹی الرٹ ہے اور پنجاب پولیس کے اہلکار ریلی کے راستوں ہپر تعینات ہوں گے جب کہ دکانیں اور شاہراہیں عام ٹریفک کے لیے بند ہوں گی۔