بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

الیکشن کمیشن میں توہین عدالت پر عمران خان کا مؤقف مسترد

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مؤقف مسترد کردیا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ توہین عدالت پر کارروائی کا اختیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار (ر) رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

سماعت میں چیف الیکشن کمشنر نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے جنوری میں عمران خان کو کمیشن کے خلاف متنازعہ بیان دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

بعد ازاں عمران خان نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی فرد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کا اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کو ہے۔

عمران خان کے مؤقف پر کمیشن نے 25 جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج کی سماعت میں سنا دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے دائرہ اختیار پر عمران خان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ توہین عدالت پر کارروائی کا اختیار کمیشن کو حاصل ہے۔

فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فیصلے پر غور و خوض کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 23 اگست تک ملتوی کر دی۔


اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں