مستونگ : صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے خود کش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد ایک سو انچاس تک جا پہنچی، دھماکے کی نئی فوٹیج بھی سامنے آگئی، سراج رئیسانی کی تقریر جیسے ہی شروع ہوئی دھماکا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل ہونے والے سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد149ہوگئی، مزید زخمیوں میں سے کئی کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ قائم لاشاری کے مطابق خود کش دھماکے کے186افراد زخمی ہیں جو مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 149ہوچکی ہے۔
علاوہ ازیں مستونگ خود کش حملے کی نئی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سراج رئیسانی کی تقریر جیسے ہی شروع ہوئی زور دار دھماکا ہوگی، سیکیورٹی انچارج کو اپنی طرف آتا دیکھا اور خود کش بمبار نے خود کو اڑا دیا، جس کے بعد ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ کہتے ہیں بیشتر ورثاء دھماکے کے بعد اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا کر لے گئے تھے، نگراں وزیر اعظم کی ہدایت پر دہشت گردی کے واقعات پر ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا۔
دو روز قبل صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنرمیٹنگ میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں سراج رئیسانی سمیت 149 افراد شہید جبکہ 186 زخمی ہوگئے۔
مستونگ دھماکے میں زخمی ہونے والے سو سے زائد افراد کوئٹہ کے سول اسپتال میں زیرعلاج ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
نگراں وزیر داخلہ بلوچستان آغا عمر بنگلزئی نے تصدیق کی کہ اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 149 تک پہنچ گئی جبکہ 186 زخمی ہیں جن میں سے متعدد افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مستونگ دھماکے کو خودکش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 16 سے 20 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
سراج رئیسانی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے بھائی ہیں۔ وہ بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے حلقہ پی بی 35 سے صوبائی امیدوار تھے۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما کا 14 سالہ بیٹا بھی سنہ 2011 میں ہونے والے ایک دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہوچکا ہے۔
نگراں وزیر داخلہ بلوچستان آغا عمر بنگلزئی کا کہنا تھا کہ پی پی 35 مستونگ کے امیدوار سراج رئیسانی انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر مٹینگ کے لیے پہنچے تو دھماکا ہوگیا، واقعے کے وقت پنڈال میں 500 کے قریب افراد موجود تھے۔
انتخابات ملتوی
الیکشن کمیشن نے پی بی 35 بلوچستان میں انتخاب ملتوی کردیے، اس حلقے میں عام انتخابات کے بعد ضمنی الیکشن ہوں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔