پشاور: انسدادِ پولیو مہم میں عدم دل چسپی کے باعث ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر کامران آفریدی کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ صحت کے ذرایع نے کہا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینیٹر کامران آفریدی عہدے سے فارغ کر دیے گئے ہیں۔
ذرایع کے مطابق کامران آفریدی کو انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں خراب کار کردگی کی بنا پر ہٹایا گیا۔ ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کامران آفریری کو پولیو خاتمے میں عدم دل چسپی کی وجہ سے ہٹایا گیا۔
واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں 8 مہینوں میں پولیو کیسز کی تعداد 8 سے 41 تک پہنچ گئی تھی، جس پر وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے وزیر صحت اور پولیو فوکل پرسن کی سفارشات پر احکامات جاری کیے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخواہ سے 2 نئے پولیو کیسز سامنے آگئے
ذرایع کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیم کو ای او سی کوآرڈینیٹر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 27 جون کو نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے کہا تھا کہ خیبر پختون خوا میں 5 نئے پولیو کیسز سامنے آئے ہیں، اِنڈ پولیو پروگرام کے مطابق رواں سال کے پی کے میں اب تک 32 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
ملک بھر میں پولیو کا مرض سنگین صورت حال اختیار کر گیا ہے، پاکستان میں رواں برس پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 53 ہو چکی ہے، سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختون خواہ میں سامنے آئے۔