بھارت کے شہر بنگلورو میں پولیس نے سالِ نو کے موقع پر چہرے پر ماسک لگانے اور سیٹیاں بجانے پر پابندی عائد کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلورو شہر کے مختلف علاقوں میں نئے سال کی تقریبات کے موقع پر سٹی پولیس نے وسیع حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ سٹی پولیس کمشنر بی دیانند نے سال نو کے موقع پر کیے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے 11 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں، ان علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے جن میں ایم جی روڈ، اور بریگیڈ روڈ جنکشن شامل ہیں۔
پولیس نے عوام کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ تقریبات کے دوران بگڑے ہوئے چہروں کے ماسک نہ پہنیں، کیونکہ یہ چھوٹے بچوں کو خوفزدہ کرتے ہیں، جشن کے دوران شہری سیٹیوں کا استعمال نہ کریں تاکہ عوام کو تکلیف نہ پہنچے۔
پولیس کمشنر نے کہا کہ بنگلورو پولیس نے منشیات فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ڈھائی کروڑ سے زائد کی منشیات ضبط کی ہے، مجموعی طور پر پولیس نے 3.5 کلو گرام ہائیڈرو گنگا، 16 کلو گانجا، 40 یونٹ ایل ایس ڈی اسٹرپس، 130 گرام چرس، اور 2.3 کلو گرام ایم ڈی ایم اے کرسٹل قبضے میں لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھنگ کی فروخت اور ایم ڈی ایم اے کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا گیا جس میں نشہ آور ادویات رکھنے اور فروخت کرنے پر 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔