امریکا میں پڑوسیوں کی جانب سے شور شرابے کی شکایت پر پولیس ایک شادی والے گھر میں پہنچی اور خود بھی میوزک پر رقص کرنے میں مصروف ہوگئی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا میں رہنے والے ایک پنجابی خاندان نے گزشتہ ماہ شادی سے پہلے ایک تقریب کا اہتمام کیا، تقریب کے دوران شور شرابہ کرنے پر پڑوسیوں نے پولیس کو شکایت کردی۔
اطلاع ملنے پر 2 پولیس اہلکار تقریب والے گھر پہنچ گئے، یقیناً پولیس والوں کو دیکھ کر گھر والے قدرے گھبرا گئے ہوں گے لیکن انہوں نے جو کیا اس نے سب کو حیران کر دیا۔
شور کی شکایت کے بعد پارٹی میں پہنچنے والے دو پولیس اہلکاروں نے خود بھی پنجابی گانوں پر ڈانس شروع کردیا۔
View this post on Instagram
پولیس اہلکاروں کے ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، لوگوں کا کہنا تھا کہ پنجابی گانوں کی دھن پر کوئی بھی خود کو تھرکنے سے نہیں روک سکتا۔
بعد ازاں مقامی پولیس نے اپنے ٹویٹر پر لکھا کہ پولیس اہلکاروں نے رقص کرنے کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ میوزک کی آواز کم رکھی جائے تاکہ پڑوسیوں کی شکات کا ازالہ ہوسکے۔