راولپنڈی: آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی غورو خوص کیاگیا، کانفرنس میں آپریشن ردالفساد کی پیش رفت اور داخلی سیکیورٹی صورتحال پربھی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس میں ملک کی اندرونی صورتحال ،افغانستان سے عسکری روابط اور بہتر سرحدی انتظامات اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کورکمانڈرکانفرنس میں مشرق وسطیٰ اور افغانستان کےحالات کے پاکستان پراثرات بھی زیر غور آئے۔
کانفرنس میں پاکستان کے بہترین مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے خطے میں مثبت کردارجاری رکھنے کےعزم کااعادہ کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈر کانفرنس میں آپریشن ردالفساد کی اب تک کی پیش رفت اورداخلی سیکیورٹی صورتحال بھی زیرغورآئی۔
اس موقع پرآرمی چیف کو افغانستان کےساتھ بہتر بارڈر منیجمنٹ کیلئے فوجی رابطوں پر بھی بریفنگ دی گئی، کور کمانڈر کانفرنس میں متوقع سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کی گئی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ قومی مفادات کیلئے اٹھائے جانے والے ہر اقدام کی حمایت کریں گے۔