کراچی : کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے معروف سماجی شخصیت عبدالستارایدھی کی عیادت کی اور جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق کورکمانڈر کراچی جنرل نوید مختار نے ایدھی صاحب کی دریافت کی اور انہیں انسانیت کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر جنرل نوید مختار نے کہا کہ عبدالستار ایدھی انسانیت اور ہمدردی کا نام ہیں، ایدھی صاحب کی خدمات قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں، ایدھی صاحب نے اپنی جدوجہد سے ثابت کردیا کہ نیک مقصد کی راہ میں حائل ہر دشواری اور رکاوٹ کو عبور کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی شدید علیل ہیں، سیاسی سماجی شخصیات سمیت ملک بھر کی دیگر معروف شخصیات نے ایدھی صاحب سے مل کر ان کی عیادت کی اور خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ دنوں سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے رحمن ملک نے ایدھی صاحب سے ملاقات کر کے انہیں بیرون ملک علاج کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی تھی تاہم ایدھی صاحب نے انکار کرتے ہوئے ملک میں علاج کروانے کو فوقیت دی۔
بعد ازاں سابق صدر کی صاحبزادی نے بھی ایدھی صاحب کی عیادت کی اور انہیں بیرون ملک علاج کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ علاج کے تمام اخراجات پیپلزپارٹی خود برداشت کرے گی‘‘۔
ایدھی صاحب نے پیشکش مسترد کرتے ہوئے آصفہ بھٹو سے درخواست کی تھی کہ’’ وہ سندھ حکومت سے ایدھی قبرستان کے لیے زمین الاٹ کروانے میں اپنا کردار ادا کریں‘‘۔