ہفتہ, دسمبر 21, 2024
اشتہار

پنجاب کی 4 جیلوں میں 89 قیدیوں میں کرونا کی تصدیق

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: محکمہ جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ پنجاب کی 4 جیلوں میں 89 قیدیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی جیل حکام نے کہا ہے کہ پنجاب کی چار جیلوں میں نواسی قیدیوں کو کرونا وائرس لاحق ہو گیا ہے، سب سے زیادہ کیمپ جیل لاہور کے قیدیوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جن کی تعداد 59 ہے۔

جیل حکام کے مطابق سیالکوٹ جیل میں 14 قیدیوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے، گوجرانوالہ جیل میں 7، ڈیرہ غازی خان جیل میں 9 قیدیوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

- Advertisement -

بتایا گیا کہ کیمپ جیل لاہور میں مجموعی طور پر 527 قیدیوں کے ٹیسٹ کرائے گئے تھے جن میں سے 438 قیدیوں کی رپورٹ موصول ہو چکی ہے، ان میں سے 59 کی رپورٹس مثبت آئی ہیں، جب کہ 379 قیدیوں کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی، ابھی 89 قیدیوں کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ آنا باقی ہے۔

ملک بھر کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں، وزارت انسانی حقوق

جیل حکام نے بتایا کہ کیمپ جیل سے 1500 قیدیوں کو دوسری جیلوں میں منتقل کیا گیا، 800 قیدیوں کو حافظ آباد جیل، 700 کو لودھراں جیل منتقل کیا جا چکا ہے۔ خیال رہے کہ کیمپ جیل میں 21 مارچ کو پہلے قیدی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، کرونا میں مبتلا قیدی اٹلی سے لاہور آیا اور منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہو کر جیل پہنچا تھا۔

یاد رہے کہ 5 اپریل کو وزارت انسانی حقوق نے کرونا وبا پر اقدامات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرتے ہوئے تھا کہ ملک بھر کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں، پنجاب کی 41 جیلوں میں گنجائش 32 ہزار 470 قیدیوں کی ہے لیکن وہاں 45 ہزار 324 قیدی موجود ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں