پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

کرونا کیسز سامنے آنے پر رائیونڈ سٹی قرنطینہ قرار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: لاہور کے نواحی شہر رائیونڈ کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کرکے قرنطینہ قرار دے دیا گیا، میڈیکل اسٹور کے علاوہ تمام دکانیں بند کرواکر شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کردی گئی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق تبلیغی مرکز سے 27 افراد کرونا وائرس مثبت آنے پر رائیونڈ سٹی کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا، پولیس کے مطابق رائیونڈ تبلیغی مرکز میں اس وقت بھی 2200 افراد موجود ہیں۔

رائیونڈ سٹی کو قرنطینہ قرار دئیے جانے کے بعد پولیس اور رینجرز کے دستوں کا گشت جاری ہے، شہری گھروں میں محصور ہیں، میڈیکل اسٹورز کے علاوہ دیگر تمام دکانیں بند ہیں۔

رائیونڈ قرنطینہ میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد شہریوں کی اسکریننگ میں مصروف عمل ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو رہا کرنے کا حکم

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ دنوں اجتماع گاہ سے 50 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جن میں سے 27 افراد کرونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔

کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان تمام افراد کو کالا شاہ کاکو اور قصور کے قرنطینہ مراکز منتقل کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ رائیونڈ تبلیغی مرکز میں اس وقت بھی 2200 افراد موجود ہیں، اجتماع گاہ میں موجود افراد کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 676 ہوگئی ہے، کرونا سے اموات کی تعداد 9 اور 5 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔

اہم ترین

احمر کھوکھر
احمر کھوکھر
احمر کھوکھر بطور کرائم نیوز اے آروائی نیوز لاہور سے وابستہ ہیں

مزید خبریں