ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کیلئے دردسر بن گئے۔
ذرائع کے مطابق کورونا کیسز میں اضافے پر پی ایس ایل سیون کے انعقاد سے متعلق بورڈ نے مختلف آپشنز پرغور شروع کر دیا ہے۔
پی سی بی نے پی ایس ایل کو شیڈول کے مطابق کرانے کیلئےحکومتی سطح پر رابطے کیے ہیں۔ ایونٹ کا انعقاد ایک ہی وینیو پر کروائے جانےکا آپشن بھی زیرِغور ہے۔
ٹورنامنٹ کا لاہور سے آغاز اور کراچی میں اختتام کرنے بھی غور کیا جارہا ہے۔ سندھ حکومت بھی پی ایس ایل کا آغاز لاہور سے کرانےکی خواہشمند ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ہی وینیو پر پی ایس ایل کرانےکا فیصلہ ہوا تو لاہور فیورٹ وینیو ہے تاہم ایونٹ سے متعلق حتمی فیصلے کیلئے مسلسل مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا سمیت بورڈ کے اعلیٰ حکام انتظامی مشنیری کیلئےحکومت سے رابطے میں ہیں اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے سرگرم ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو کرونا سے محفوظ رکھنے کے لئے کراچی اور لاہور کے درمیان چارٹرڈ فلائٹس میں ایک وقت میں 2ٹیمیں سفرکریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 رکنی اسکواڈ میں سے میچ کےلیے12 فٹ کھلاڑیوں کی ضرورت ہوگی، اگر کسی اسکواڈ میں 8 کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے پر بھی میچ ہوسکے گا تاہم 9 کھلاڑی مثبت ہونے پر میچ کو منسوخ کردیا جائے گا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی کرونا کا شکار ہوا تو اسے 10 دن کیلئے آئسولیٹ کردیا جائے گا، کورونا مثبت کھلاڑی کا متبادل سیکیورببل میں موجود کھلاڑیوں سےلیا جائےگا، اسی تناظر میں ہوٹل کے سیکیور ببل میں 25 سے 30 اضافی کھلاڑی رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔