کراچی : دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ53 لاکھ 75ہزارہوگئی، اس عالمی وبا نے اب تک 6لاکھ 30ہزار سے زائد افراد کو نگل لیا، امریکہ اس وبا کی شدید لپیٹ میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئے اور مہلک ثابت ہونے والے کرونا وائرس انفیکشن سے دنیا بھر کے مختلف ممالک میں اب تک 6 لاکھ30 ہزار مریض جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں، اب تک انفیکشن سے صحت یاب افراد کی تعداد بھی بڑھ کر 92 لاکھ تک ہوچکی ہے۔
کرونا وائرس کی وبا سے متاثر ہونے والے ممالک میں امریکا سر فہرست ہے، جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 41 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے اور وائرس سے 1 لاکھ 46 ہزارسے زائد مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکا میں نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 33 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بار بار کہہ رہے ہیں کہ امریکا میں وائرس کے زیادہ کیسز اس لیے ہیں کہ کیوں کہ امریکا دنیا بھر میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کر رہا ہے۔
برازیل دوسرا بد قسمت سر فہرست ملک ہے جہاں کرونا وائرس نے بے پناہ تباہی پھیلائی، برازیل کے صدر جیر بولزونرو کا تیسری بار بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اب تک برازیل میں 82 ہزار سے زائد مریض ہلاک ہو چکے ہیں اور 22 لاکھ سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
بھارت کورونا کیسز کی تعداد کے لیے لحاظ سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن چکا ہے جہاں 12 لاکھ 39 ہزار کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے 29 ہزار سے زائد مریض ہلاک ہوچکے ہیں، گزشتہ روز بھارت میں ایک دن میں ریکارڈ 37 ہزار کیس رپورٹ ہوئے تھے۔