عالمی کرونا وبا نے ان ممالک کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا جو اب تک مہلک وائرس محفوظ رہے تھے، بحرالکاہل میں واقع جزائر پر مشتمل ملک وانواتو میں کرونا کیس رپورٹ ہوگیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے وانواتو میں کروناوائرس کا پہلی بار کیس رپورٹ ہوا ہے، جبکہ اس سے پہلے بحرالکاہل میں ہی واقع 2 دیگر ممالک مارشل آئی لینڈز اور سولومن آئی لینڈز میں کیسز سامنے آچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ وہ ممالک تھے جو گزشتہ 8 ماہ سے کروناوائرس سے محفوظ رہے تھے لیکن اب یہاں بھی مہلک وبا اپنے پنجے گاڑھ رہی ہے، سامووا میں بھی ایک بحری جہاز پر کام کرنے والے ملازمین میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اب دنیا میں صرف 9 ممالک ہی بچے ہیں جہاں کرونا کیسز رپورٹ نہیں ہوئے ان میں شمالی کوریا اور ترکمانستان بھی شامل ہیں، بعض تجزیہ کاروں کے مطابق ان ممالک میں بھی کرونا موجود ہے لیکن اسے رپورٹ نہیں کیا جارہا۔ حالیہ دنوں متعدد شمالی کوریائی فوجی اہلکاروں میں کرونا کی خبریں آئی تھیں۔
کرونا نے تین بڑے ممالک کو نشانے پر لے لیا، شدید نقصان
وبا سے محفوظ ممالک میں مائیکرونیشیا، پلاؤ، ٹونگا، سامووا، کیریباتی، ناورو اور تووالو شامل ہیں جبکہ پیسیفک آئی لینڈز کے بیشتر ممالک نے کووڈ 19 کی وبا کے آغاز پر ہی اپنی سرحدوں کو بند کردیا تھا جس سے کافی حد تک مثبت نتائج رہے۔ خیال رہے کہ وانواتو میں امریکا سے آئے ایک شخص سے کرونا منتقل ہوا ہے۔
23 سالہ کرونا مریض کو قرنطینہ کردیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے، 8 ماہ بعد پہلے کرونا کیس نے حکومت کے لیے چیلنج کھڑا کردیا ہے، متعلقہ اداروں نے اقدامات شروع کردیے۔