کراچی : سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے کووڈ پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت چار ہزار پانچ سو روپے مقرر کر دی ، پہلے کورونا ٹیسٹ کی قیمت 6 ہزار پانچ سو روپے مقرر تھی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے کووڈ پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت میں کمی کردی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے کووڈ پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت چار ہزار پانچ سو روپے مقرر کی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق گھر سے سیمپل لے کر کورونا ٹیسٹ کرانے کی فیس 48 سو روپے مقرر، ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ لیبارٹریوں سے کروانے کی قیمت بارہ سو روپے مقرر کی گئی ہے۔
سربراہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن احسن قوی کا کہنا ہے کہ کراچی کی تمام لیبارٹریوں اور اسپتالوں کے ساتھ میٹنگ کے بعد قیمتیں طے کی ہیں، کورونا ٹیسٹ کی زیادہ قیمت لینے والوں کے خلاف عوام ہیلتھ کیئر کمیشن کو شکایت کریں۔
یاد رہے اس سے قبل کورونا ٹیسٹ کی قیمت 6 ہزار پانچ سو روپے مقرر تھی جبکہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن بھی کورونا ٹیسٹ کی زیادہ سے زیادہ قیمت 48 سو روپے مقرر کر چکا ہے۔