اسلام آباد : کوروناریلیف ٹائیگرزفورس کومتحرک کرنے کے لیے تمام صوبائی چیف سیکریٹریزکومراسلہ جاری کردیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات ملتےہی ٹائیگرزفورس کو میدان میں اتاراجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کوروناریلیف ٹائیگرزفورس کومتحرک کرنےکی تیاری جاری ہے ، اس حوالے سے وزیراعظم آفس نے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز کو مراسلہ جاری کیا ہے ، جس میں متعلقہ حکومتی اداروں،انتظامی افسران کوضروری ہدایات جاری کرنے کاحکم دیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا وزیراعظم کی ہدایات ملتےہی ٹائیگرزفورس کو میدان میں اتاراجائے گا، صوبائی حکومتیں انتظامات مکمل کرکےفورس کواسٹینڈبائی پررکھیں۔
ٹائیگرزفورس کی رجسٹریشن کےلئےدیاگیاوقت بھی ختم ہوگیا ہے جبکہ ٹائیگرزفورس کےلئےکوڈآف کنڈکٹ پرمشتمل ٹی اوآرزبھی جاری کردیئے گئے ہیں، کوڈآف کنڈکٹ پرعملدرآمدنہ کرنےکی صورت میں ممبرشپ معطل کردی جائے گی۔
مراسلے میں کہا گیا کہ ٹائیگرزفورس صوبائی،ضلعی،تحصیل اوریونین کونسل سطح تک کام کرے گی اور ہنگامی حالات میں راشن تقسیم،قرنطینہ مینجمنٹ،ٹرانسپورٹ کاانتظام یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ ٹائیگرزفورس کوانتظامیہ کی مکمل سرپرستی اورتعاون حاصل ہو گا اور ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او،متعلقہ عوامی نمائندےفورس کےساتھ کام کریں گے۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کوجلد فعال کرنےکا فیصلہ کیا تھا، عثمان ڈار نے کہا تھا کہ چند دن میں ضلعی انتظامیہ کےساتھ ٹائیگر فورس کو متحرک کر دیا جائے گا ، مشکل گھڑی میں حکومت مستحق افراد تک خود پہنچے گی، ٹائیگرفورس میں شامل نوجوان مستحق اور بے روزگار افرادکی نشاندہی کریں گے۔
بعد ازاں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ٹائیگر فورس میں رجسٹر طبی عملے کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ شعبہ طب سےوابستہ 10 ہزار سے زائدافراد کو فوری میدان میں اتارا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس سے اب تک 135 افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 7000 سے زائد ہوگئی ہے، کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جو کہ 30 اپریل تک جاری رہے گا۔