اسلام آباد: اقوام متحدہ کے پاکستان میں سربراہ جولین فریڈرک نے دفترخارجہ کا دورہ کیا اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات کی۔ اس دوران کروناوائرس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جولین فریڈرک نے دفترخارجہ کا اہم دورہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے جولیان فریڈرک کی ملاقات میں کرونا وائرس کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس دنیا کے لیے بڑا چیلنج بن چکا ہے، ترقی پذیر ممالک چیلنج سے نمٹنے میں معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔
غریب کی مشکلات کے ازالے کے لیے کرونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے،وزیرخارجہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان محدود وسائل کے باوجود مؤثر اقدامات اٹھا رہا ہے۔ دریں اثنا جولین فریڈرک نے کورونا وائرس کے خلاف بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
قبل ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی عثمان ڈار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کرونا وائرس کے لیے خصوصی فنڈ، ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوجوانوں کو ضرورت مندوں کی مدد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، کم آمدنی والے غریب طبقے کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے، غریب کی مشکلات کے ازالے کے لیے کرونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے، نوجوانوں نے ہر مشکل میں بہترین جذبے کا مظاہرہ ،بے لوث خدمات دیں۔