منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

کورونا ویکسین کی انسانوں پر آزمائش جلد شروع ہوگی

اشتہار

حیرت انگیز

دنیا میں درجنوں ادویات پر تحقیق کا کام جاری ہے ان میں سے اکثر ادویات وہ ہیں جو پہلے ہی مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال ہو رہی ہیں اور اب کورونا وائرس کے خلاف ان کا ٹرائل کیا جا رہا ہے اور جلد ہی انسانوں پر اس کی آزمائش کا آغاز کیا جائے گا۔

مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی سو سے زیادہ ممکنہ ویکسینز بنانے کی تیاری کی جارہی ہے، جن ویکسینز کے حوصلہ افزا نتائج ملیں گے انہیں موسم گرما میں زیادہ بڑے پیمانے پر آزمایا جائے گا۔

ہر ممکنہ ویکسین کے تجربے کے لیے کم از کم 20 ہزار رضاکاروں کی ضرورت ہوگی ان میں سے نصف کو اصلی ویکسین لگائی جائے گی اور باقی کو جعلی دوا دی جائے گی۔ اس کے بعد انتظار کرنا پڑے گا کہ ان میں سے کتنے لوگ وائرس کا شکار ہوتے ہیں۔

ویکسین کے مؤثر ہونے کے سوال کا جواب جلدی مل سکتا ہے اگر رضاکار ان مقامات پر مل جائیں جو وبا سے بدترین متاثر ہوں لیکن اس بارے میں پیش گوئی کرنا دشوار ہوتا ہے۔

اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی ویکسین اگر بہت جلد بھی بنی تو مکمل تجربات کے بعد اس سال کے آخر تک دستیاب ہوسکے گی۔

لیکن سائنس دانوں نے کبھی کوئی ویکسین اتنی جلدی نہیں بنائی اور اس بات کی بھی کوئی ضمانت نہیں کہ جن دواؤں پر کام جاری ہے، وہ کامیابی سے ہمکنار ہوسکے گا۔

ان ویکسینز کے محفوظ اور مؤثر ہونے کے بارے میں تحقیق کے نتائج کتنی جلدی مل سکتے ہیں، اس کا کسی حد تک انحصار اس بات پر ہے کہ کرونا وائرس اب بھی کتنے بڑے پیمانے پر پھیل رہا ہے۔

بعض ماہرین کا خیال ہے کہ ویکسین بننے کے باوجود اس بات کا بھی امکان ہے کہ کرونا وائرس کبھی ختم نہیں ہوگا، پولیو اور خسرہ جیسی بیماریوں کی ویکسینز عشروں سے موجود ہیں، لیکن اب بھی ان کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جاسکا۔

واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا سے اموات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے حالانکہ یہاں رواں سال مارچ کے بعد وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہوا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کورونا ٹیسٹ میں اضافے کے منصوبوں کی منظوری دی۔

امریکا میں کوویڈ19کے باعث اموات میں سب سے زیادہ تعداد سیاہ فام اور لاطینی امریکیوں کی ہے جس کی بظاہر وجہ صحت کی سہولیات کی غیر مساوی فراہمی ہے۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ خطرہ معمر افراد، دل کے مریضوں، ذیابیطس اور دیگر دائمی بیماریوں میں مبتلا لوگوں کو ہے جو قوت مدافعت کی کمی کے باعث بیماریوں کاڈٹ کر مقابلہ نہیں کرپاتے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں