کراچی : شہر قائد میں کرونا ٹیسٹ کیلئے مزید تین موبائل ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں، کراچی کے ضلع جنوبی میں واک تھرو کورونا ٹیسٹنگ کی جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا ٹیسٹ کیلئے ضلع جنوبی میں مزید تین موبائل ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے
اس سلسلے میں ڈی سی ضلع جنوبی ارشاد سوڈھر کی زیرصدارت کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع جنوبی کے پولیس افسران اور ساؤتھ سٹی اسپتال کے ڈاکٹرزبھی موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی ساؤتھ ارشاد سوڈھر نے کہا کہ مذکورہ موبائل ٹیمیں لیاری، گارڈن اور گزری کے علاقوں میں لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کریں گی, ضلع جنوبی کے3بڑے علاقوں میں واک تھرو کورونا ٹیسٹنگ کی جائے گی، موبائل لیب کے ذریعے انتظامیہ اور ساؤتھ سٹی اسپتال مل کر ٹیسٹ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع جنوبی میں مریضوں کی تعداد300 ہے جبکہ سات مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے،230مریض مختلف اسپتالوں اور گھروں میں قرنطینہ میں ہیں۔
اس کے علاوہ ضلع جنوبی کے 25 کورونا کے مریض ایکسپو سینٹر منتقل کیے گئے ہیں، اب تک مجموعی طور پر ضلع ساؤتھ کے 50مریض منتقل ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر, لیاری اور ڈیفنس میں لاک ڈاؤن میں مزید سختی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اضافی لوگوں کو ایکسپو سینٹر اور لیاری اسپتال منتقل کیا جائے گا، ضلع جنوبی میں لیڈی ہیلتھ ورکر سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیڈی ہیلتھ ورکر گھر گھر جاکر ٹیسٹ کرانے اور کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی آگاہی دیں گی۔