نیو یارک : امریکی حکام نے خبر دار کیا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید سنگین ہوجائے گی، یکم جون تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کی صورتحال کیا رخ اختیار کرنے جا رہی ہے؟ اس حوالے سے امریکی محکمہ صحت نے انتہائی تشویشناک پیش گوئی کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ انسداد امراض کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈ فیلڈ نے کہا ہے کہ ہم نے کورونا وائرس کے حوالے سے 12ماڈلز تیار کیے ہیں جن میں لاک ڈاﺅن کو برقرار رکھنے یا مختلف درجے کی نرمیوں اور دیگر عوامل کو جانچا گیا اور ہر ماڈل کے ممکنہ نتائج کا اندازہ لگایا گیا۔
رابرٹ ریڈفیلڈ کا کہنا تھا کہ ان تمام ماڈلز کے نتائج میں یہ معلوم ہوا کہ آئندہ ہفتوں میں امریکہ میں کورونا وائرس کی صورتحال زیادہ سنگین ہوگی اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہو گااور یکم جون تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔
ایک ماڈل کے نتائج کے مطابق 30مئی تک ہلاکتوں کی تعداد 1لاکھ 5ہزار 605ہو جائے گی۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست نیویارک میں اس وقت ہلاکتوں کی تعداد 22ہزار 304ہے جو رواں ماہ کے اختتام تک 30ہزار 897ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ اس وقت امریکہ میں کورونا وائرس کے 14لاکھ 75ہزار 970کیسز سامنے آ چکے ہیں اور 88ہزار 363اموات ہو چکی ہیں۔