کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پولیس کو سختی سے احکامات پر عملدرآمد کرانے کا حکم جاری کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر سندھ حکومت کی جانب سے پولیس کو سختی سے احکامات پر عملدرآمد کرانے کا حکم جاری کیا گیا ہے، عوام کو گھروں کے باہر تفریح سے روکا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ضرورت کے بغیر گھومنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، سندھ پولیس سب سے پہلے کراچی سے آپریشن کا آغاز کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پولیس شہر میں ناکے لگائے گی، سفر کرنے والے شہریوں کو وجہ بتانی ہوگی۔
مزید پڑھیں: سندھ میں آج سے پانچ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد
واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب کہا گیا تھا کہ سندھ میں گاڑیوں کے اندر، سڑکوں، شاہراہوں یا دیگر مقامات پر چار یا پانچ سے زائد افراد جمع نہ ہوں بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی، پابندی کا اطلاع آج بروز جمعہ سے ہوگا۔
یاد رہے کہ کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض انتقال کرگیا، وزیر صحت نے 77 سال کے مریض کی کرونا سے موت کی تصدیق کی تھی۔
صوبائی وزیر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ مریض کی حالت کینسر اور ذیابیطس کی وجہ سے پہلے سے خراب تھی، مریض کی کوئی سفری تفصیلات نہیں ہیں، کرونا وائرس میں مبتلا 77 سال کا مریض نجی اسپتال میں زیر علاج تھا۔