جنیوا: کورونا وائرس کے باعث دنیا کا سب سے بڑا اجلاس بھی متاثر ہوا ہے، امسال یواین جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عالمی رہنماؤں کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔
کورونا وائرس کی تباہ کاریوں نے جہاں عالمی معیشت کو زبردست دھچکا پہنچایا ہے وہیں عالمی اجلاس، تقریبات، کھیلوں کے مقابلوں سمیت دیگر اہم سرگرمیاں بھی ملتوی یا موخر کر دی گئی ہیں۔
مہلک وبا کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے جنرل اسمبلی کا اجلاس عالمی رہنماؤں کے بغیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس سال کسی عالمی رہنما کوشرکت کی دعوت نہیں دی جائے گی۔
ستمبر میں ہرسال نیویارک میں یو این جنرل اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوتا ہے تاہم 75سال میں پہلی بار اقوام متحدہ کی عمارت میں کوئی عالمی رہنما نہیں آئےگا۔
نیویارک میں اس سال اقوام متحدہ کا 75واں جشن منایا جانا تھا، کورونا کی وجہ سے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 193ممالک کےسربراہان اس سال اقوام متحدہ نہیں آئیں گے۔
یو این جنرل اسمبلی کے اجلاس سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور ہیں جن پر باہمی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔