کراچی : وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو کورونا وائرس کے خطرے سے بچانے کیلئے بس اسٹینڈ و اسٹاپ پر سینیٹائزر نصب کئے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارت ٹرانسپورٹ سندھ نے ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کے لیے کورونا ایڈوائزری جاری کردی ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ سندھ بھر کے بس اسٹینڈز اور بس اسٹاپوں پر سینیٹائزر نصب کئے جائیں، بسوں اور کوچز کے مسافروں کو صاف پانی، صابن اور ماسک فراہم کئے جائیں.
اس حوالے سے ٹرانسپورٹ کے صوبائی وزیر اویس شاہ نے کہا کہ گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بسوں اور کوچز میں سفر کرنے نہ دیا جائے، سفر کے دوران کوچز اور بسوں کو غیر معیاری ہوٹلوں پر نہ روکا جائے۔
بس اسٹاپ اور ہوٹلوں کے باہر آگاہی پوسٹرز آویزاں کئے جائیں، ایک ٹرپ کے بعد گاڑیوں میں صفائی اور اسپرے کیا جائے، ٹرانسپورٹ افسران تمام ہدایات پر سختی سے عمل کرائیں۔
مزید پڑھیں : کراچی میں سینیٹائزر مہنگے داموں فروخت کرنے والا دکاندار گرفتار
واضح رہے کہ گزشتہ روز کلفٹن پولیس نے کارروائی کرکےدفعہ 144کی خلاف ورزی پر دکاندار کو گرفتار کرلیا، اس حوالے سے پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ دکاندار اصل قیمت سے زائد پر سینیٹائزر (ہاتھ صاف کرنے والا محلول) فروخت کر رہا تھا۔
پولیس کے مطابق 160 روپے میں ملنے والا سینیٹائزر500 میں فروخت کیا جارہا تھا۔ ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کی جارہی ہے۔