اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے کیسز بڑھیں گے ہم سب کو معلوم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس چین سے شروع ہوا،سب سے پہلے چین سے آنے والے 34 لوگوں کو ٹیسٹ کیاگیا تھا، چین سے کوئی بھی کیس پاکستان منتقل نہیں ہوا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے کراچی کے شخص میں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی، اب تک سندھ میں 393 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ اب تک صورت حال قابو میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کرونا وائرس ایک سے دوسرے میں جلدی منتقل ہو جاتا ہے،کرونا وائرس کے کیسز بڑھیں گے ہم سب کو معلوم ہے، ایران کے تین کیسز کی ٹریول ہسٹری ہمارے پاس موجود ہے،سعودی عرب کے 5، شام سے 8 کرونا کیسز پاکستان میں آئے ، قطر سے بھی کرونا وائرس کا ایک کیس کل سامنے آیا ہے، دبئی سے بھی 3 کیس پاکستان آئے ان میں سے ایک لندن سے آیا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تفتان کے ذریعے ایک بچےمیں کرونا وائرس کیس سامنے آیا، بچے کو تفتان سے کوئٹہ لے گئے جہاں کچھ دن بعد اسے تکلیف ہوئی، بچے کو کراچی لاتے ہوئے راستے میں پتہ چلا کہ کرونا وائرس ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ 100 سے زائد کیسز ایسے ہیں جن کی ٹریول ہسٹری ہیں، باقیوں میں اہلخانہ شامل ہیں، جن شہریوں کی ٹریول ہسٹری ہے ان کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کروناوائرس کی 10ہزار ٹیسٹ کٹس ہم نے خود منگوالی تھیں، سندھ میں کرونا کا کوئی مریض تشویش ناک حالت میں نہیں، کسی مریض کو اب تک آکسیجن کی ضرورت نہیں پڑی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں 27 اور سکھر میں اس وقت تک کروناوائرس کے 61 کیس ہوگئے، سندھ میں کروناوائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 88 جبکہ ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 114ہوگئی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے چائے خانے اور ریسٹورنٹس بند ہونے چاہئیں، لوگ بلا وجہ باہر نہ نکلیں، زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افواہیں پھیلانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔