لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر اپنا ہیلی کاپٹر محکمہ صحت کے حوالے کردیا ہے، محکمہ صحت ہیلی کاپٹر مریضوں کی منتقلی کیلئے استعمال کرسکے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھرمیں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی حالت کا نفاذ ہے، اس ضمن میں پنجاب حکومت متعدد اقدامات اٹھارہی ہے،اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے احسن اقدام کرتے ہوئے اپنا ہیلی کاپٹر محکمہ صحت کے حوالے کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کورونا ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر ہیلی کاپٹر محکمہ صحت کے حوالے کیا، وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کو مریضوں کی منتقلی کیلئے استعمال کیا جاسکے گا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی صحت سے زیادہ کچھ اہم نہیں، ہیلی کاپٹر کے ذریعے محکمہ صحت طبی سرگرمیوں میں آسانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹر پنجاب کے عوام کی امانت ہے اور ان ہی کی سہولت کیلئے استعمال ہوگا،کورونا سے بچاؤ اور پیشگی حفاظتی اقدامات میں کمی نہیں آنے دیں گے۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کورونا سے متعلق مخصوص اسپتال قائم کر چکی ہے، محکمہ صحت کو پہلے بھی ہر طرح کے وسائل دیے ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔