اسلام آباد: ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے باعث الیکشن کمیشن نے ایک ماہ کے لیے تمام کیسز کی سماعت موخر کردی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تاحکم ثانی زیر التوا کیسز کی سماعت نہیں ہوگی، الیکشن کمیشن کمیشن سیکریٹریٹ کی مرکزی لائبریری بھی بند کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں کام کرنے والے عملے کی تعداد نصف کردی گئی ہے اور فیس ماسک کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن میں کام کرنے والی خواتین کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، نزلہ، زکام، بخار اور سردرد کی صورت میں ملازمین کو دفتر نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کا ڈیٹا مانگ لیا
واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے 2018 کے عام انتخابات میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آرٹی ایس) کی ناکامی کی تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا۔
اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں نادرا حکام نے بھی شرکت کی، اجلاس میں عام انتخابات 2018 میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کی ناکامی کامعاملہ زیر غور آیا تھا۔
اجلاس میں نئےشناختی کارڈز کےحامل افراد کاڈیٹا فراہم کرنےکے معاملہ زیر بحث آیا تو نادرا نے مفت کوائف فراہم کرنےسے انکار کر دیا، نادرا نے ڈیٹا کے عوض الیکشن کمیشن سے ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا۔