کراچی : کورونا وائرس کے پیش نظر شہریوں نے آٹا خرید کر ذخیرہ کرنا شروع کردیا، جس کے باعث شہر میں آٹے کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا، نئی گندم کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گندم مہنگی ہونے کے باعث شہر میں آٹے کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، کورونا وائرس کے خوف کی وجہ شہریوں نے آٹا خرید کر اسٹور کرنا شروع کردیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی گندم کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد گندم کی قیمت 38روپے سے بڑھ کر43روپے فی کلو گرام ہو گئی ہے۔
پچھلے سال کی گندم کی قیمت میں10روپے فی کلو گرم کا اضافہ کیا گیا تھا، پچھلے سال کی گندم کی قیمت 43سے بڑھ کر 53روپے فی کلو ہوگئی تھی، ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ سے کراچی کے چکی مالکان کو گندم فروخت نہیں کی جارہی۔
مزید پڑھیں : کرونا سے بچاؤ ، عوامی ریلیف کے لیے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ
واضح رہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سندھ حکومت نے خشک راشن خریدنے اور تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر راشن بیگز کی خریداری کی تیاری شروع کردی گئی ہے، پہلے مرحلے میں 60ہزار راشن بیگ خریدے جائیں گے، فیصلے کےتحت راشن بیگز پی ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کیےجائیں گے۔