نئی دہلی : بھارت میں کرونا وائرس سے پہلے مریض کی ہلاکت ہوگئی ہے متاثرہ شخص سعودی عرب سے بھارت واپس پہنچا تھا، ملک میں اس وقت متاثرہ مریضوں کی تعداد 68ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست کرناٹکا کے علاقے کالابراگی میں ایک 72سالہ شخص کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے جس کے جسم سے لیے گئے نمونوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔
مذکورہ شخص مقامی اسپتال میں زیر علاج تھااور 29 فروری کو سعودی عرب سے بھارت واپس پہنچا تھا، بھارتی وزارت صحت نے متاثرہ شخص کی موت کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس کے 8 مزید کیسز سامنے آ ئے ہیں جس کے بعد بھارت میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 68ہو گئی ہے، بھارتی وزارت صحت نے بھی اس بات کی تصدیق کردی ہے۔
کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اورنگ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے سالانہ مذہبی تقریب ناتھ شاشتی یاترا کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ یاترا اورنگ آباد میں ہر سال منائی جاتی ہے جس میں مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں، یہ یاترا اس سال 14 تا 18 مارچ منعقد ہونے والی تھی جس میں تقریباً 5 لاکھ یاتریوں کی شرکت توقع کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں اس وقت تک 1 لاکھ 33 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے کیس سامنے آچکے ہیں جب کہ اس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 949 سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔