بھوپال : بھارتی ٹی وی اداکارہ دیونکا ترپاٹھی کے بھائی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، انہوں نے اپنے گھر کے باہر کووڈ 19 ڈو ناٹ وزٹ کا نوٹس چسپاں کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکارہ دیونکا ترپاٹھی کے بھائی ایشوریہ ترپاٹھی کو کورونا وائرس کے باعث ہوم کورنٹائن کیا گیا ہے، ایشوریہ ترپاٹھی انڈیگو ائیرلائنز میں پائلٹ ہیں جو کچھ روز قبل ہی بھوپال پہنچے تھے۔ ایشوریہ کئی ملکوں کا سفر کرچکے ہیں۔
بھارت پہنچنے پر کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے، اس سلسلے میں دیونکا ترپاٹھی کے گھر کے باہر "کووڈ 19 ڈو ناٹ وزٹ”کا نوٹس چسپاں کردیا گیا ہے۔ دیویانکا کاکنبہ چونا بھٹی علاقہ میں رہتا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، اس حوالے سے بھارت میں بھی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، کورونا وائرس کا اثر نہ صرف عام شہریوں پر پڑ رہا ہے بلکہ ٹی وی ستارے اور ان کے خاندان پر بھی پڑ رہا ہے۔
یاد رہے کہ مدھیہ پردیش میں مجموعی طور پر کورونا وائرس مریضوں کی تعدا 29 ہوگئی ہے جن میں سے دو کی اندور میں موت ہوچکی ہے۔
جبل پور میں آج دو اور دیگر مریض ملے ہیں، مریضوں کی تعداد گزشتہ ایک ہفتہ میں سات گنا بڑھ گئی ہے ۔ گزشتہ ہفتہ کو چار مریض میں کورونا وائرس ملا تھا۔
اس کے علاوہ بھوپال میں ایک اور نئے مریض میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اب تک بھوپال میں کورونا کے تین مریض سامنے آچکے ہیں، ان میں سے دو مریض باپ بیٹی ہیں۔ یہ تیسرا مریض ریلوے گارڈ کا ریٹائرڈ ملازم ہے۔