لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں پنجاب میں زیادہ کیسز آنےکی صورت میں اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے سبب پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی ڈکلیئر کر دی گئی ہے۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ 5ایئرپورٹس پر ویجی لینس بڑھا دی گئی ہے، ضروری یہ ہے کروناوائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 3 اسپتالوں میں تیاری کرلی گئی ہے، مشکوک مسافر کو فوری قرنطینہ بھیجیں گے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب میں 3700 زائرین کی اسکریننگ کی گئی ہے، جو مشکوک تھے ان کا ٹیسٹ کیا گیا ہے، پنجاب میں جنتے چینی ہیں ان کے بھی ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔