انسانی صحت اور علاج معالجے سے متعلق طبی آلات اور مختلف مشینوں میں وینٹی لیٹر کو گویا زندگی کی آخری امید کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
کسی بیماری یا حادثے کے بعد اگر کوئی فرد وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا جائے تو اسے بہت سنجیدہ لیا جاتا ہے اور اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ مریض اب اس دنیا میں چند دن کا مہمان ہے۔ تاہم یہ خیال درست نہیں۔
اس ضمن میں آپ کو مستند اور درست معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ایسی صورت میں ماہر معالج کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ اس مشین پر منتقل ہونے والا ہر مریض دراصل زندگی اور موت کی جنگ نہیں لڑ رہا ہوتا بلکہ یہ نظامِ تنفس کو بحال کرکے علاج میں مدد دیتی ہے۔
کرونا وائرس کی وجہ سے جہاں افراتفری اور خوف کی فضا ہے، وہیں ہم وینٹی لیٹر کا شور بھی سن رہے ہیں۔
ہم آپ کو بتاتے ہیں یہ مشین کیا ہے اور کب کسی مریض کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا جاتا ہے۔
ہم اسے مصنوعی تنفس فراہم کرنا کہتے ہیں۔ یعنی جب کوئی مریض اس قابل نہیں رہتا کہ قدرتی طریقے اور جسمانی نظام کی مدد سے سانس لے سکے تو اسے وینٹی لیٹر کی مدد سے آکسیجن فراہم کی جاتی ہے۔
یہ مشین ہے کیا؟
یہ مشین تین بنیادی حصوں پر مشتمل ہے۔ ان میں آکسیجن سلنڈر، کمپریسر اور کمپیوٹر شامل ہیں۔
یہ مریض کے لیے کیسے مددگار ثابت ہوتی ہے؟
وینٹی لیٹر پر منتقل کیے جانے والے کسی بھی مریض کی ناک یا اس کے منہ سے ایک نلکی گزار کر اس کے پھیپھڑوں تک پہنچائی جاتی ہے، جو کمپریسر کے ذریعے آکسیجن سلنڈر سے براہِ راست آکسیجن مریض کے پھیپھڑوں تک لے جاتی ہے۔
دوسری طرف کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔ اس کے لیے بھی ایک نلکی کی مدد لی جاتی ہے جو پھیپھڑوں سے کاربن ڈائی آکسائیڈ نکال کر باہر لے آتی ہے۔
وینٹی لیٹر مشین سے ہوا کی مدد سے حسبِ ضرورت آکسیجن مریض کے پھیپھڑوں تک براہِ راست بھیجی جاتی ہے۔
عام طور پر مریض خود سانس خارج کرتا ہے، لیکن اگر تنفس کا عمل معطل ہو چکا ہو تو یہی مشین سانس خارج کرتے ہوئے پھیپھڑوں کے طرز پر کام کرتی ہے۔
انسانی پھیپھڑوں کے اندر مخصوص دباؤ کو برقرار رکھنا ضروری ہے ورنہ یہ اہم ترین عضو پچک سکتے ہیں اور وینٹی لیٹر مشین اس دباؤ کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
اس میں موجود ایک ٹیوب پھیپھڑوں میں جمع ہونے والا پانی باہر نکالنے میں مدد دیتی ہے۔
کمپیوٹر کی مدد سے اس عمل کی نگرانی کی جاتی ہے اور آکسیجن کی فراہمی میں ضرورت کے مطابق کمی بیشی کی جاتی ہے۔
یہ منہگی مشین ہے اور اس کے لیے جو پرزے اور مشینیں درکار ہوتی ہیں اس کی زیادہ تر سپلائی چین جیسے ملک سے ہوتی ہے جو کرونا وائرس سے سب سے پہلے متاثر ہوا تھا۔
کرونا وائرس کے شکار افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے جس کے لیے بڑی تعداد میں وینٹی لیٹر مشین کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔
وینٹی لیٹر، مصنوعی تنفس ہے جو صحت بحال کرنے میں مددگار ہے۔