برمنگھم: کرونا وائرس سے اموات کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے برمنگھم ایئرپورٹ پر 1500 لاشوں کے لیے عارضی مردہ خانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس چیفس کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر اموات کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، مردہ خانے کو ضرورت کے مطابق توسیع بھی دی جا سکتی ہے۔
پولیس چیفس کا کہنا ہے کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے برمنگھم ایئرپورٹ پر 1500 لاشوں کے لیے عارضی مردہ خانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، باقی علاقوں کے مردہ خانے بند ہونے کی صورت میں اسے زیر استعمال لایا جائے گا۔
سینئر کورونر برمنگھم لوئیس ہنٹ کا کہان ہے کہ ویسٹ مڈلینڈ میں 112 اموات کی وجہ سے ہنگامی طور پر یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں سوگواران کی مشکلات میں کمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ اُن کے پیاروں کی آخری رسومات اُن کی خواہش کے مطابق ہو سکیں۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا کیسز کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے جب کہ اموات کی شرح میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
برطانیہ بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 14 ہزار 543 رپورٹ ہوئے ہیں اور اب تک 759 اموات ہوئی ہیں۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے بعد وزیر صحت میٹ ہینکاک بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں اور دونوں آئسولیشن میں ویڈیو لنک کے ذریعے امور انجام دے رہے ہیں۔