کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 11.90 فیصد تک پہنچ گئی، ضلع آوارن میں یہ شرح 44 فیصد ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں کرونا کیسز میں بتدریج اضافے کا سلسلہ جاری ہے، 7 اضلاع سے 24 گھنٹے کے دوران مزید 145 کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 28 ہزار 737 ہوگئی۔ صوبے میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 11.90 فیصد ہوچکی ہے۔
این سی او سی کے مطابق مثبت کیسز کی سب سے زیادہ 44 فیصد شرح آواران سے رپورٹ ہوئی، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کیسز رپورٹ ہونے کی شرح 7.06 فیصد رہی۔
بلوچستان سمیت ملک بھر میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 89 ہزار 275 ہوچکی ہے جبکہ کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 781 ہوگئی ہے۔
ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 19 ہزار 163 ہوچکی ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 5.34 فیصد رہی۔