کراچی: محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کیسز کی شرح 6 فیصد سے بھی بڑھ گئی ہے، اس سے قبل 20 جولائی کو مثبت کیسز کی شرح 6.60 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اکتوبر میں کیسز کی شرح 1.9 فیصد سے 3.1 فیصد کے درمیان رہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کیسز کی شرح 6 فیصد سے بھی بڑھ گئی ہے، کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی یہ شرح 13 نومبر سے بڑھ رہی ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 16 نومبر کو کرونا کیسز کی مثبت شرح 6.02 فیصد تک گئی، سندھ میں 12 نومبر کو کرونا کیسز کی شرح 4.06 فیصد جبکہ 7 نومبر کو 4.93 فیصد تھی۔
محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا کہ اس سے قبل 20 جولائی کو سندھ میں کرونا کیسز کی مثبت شرح 6.60 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، اکتوبر میں کیسز کی شرح 1.9 فیصد سے 3.1 فیصد کے درمیان رہی۔
محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو کرونا وائرس کی شرح میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر نے خطرناک صورت اختیار کرلی ہے، ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار 82 ہوچکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوویڈ 19 کے 2 ہزار 50 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے مزید 33 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 193 ہوگئی۔
اس وقت اسپتالوں میں زیر علاج اور گھروں میں قرنطینہ فعال کوویڈ کیسز کی تعداد 29 ہزار 55 ہے جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 834 ہے۔