تازہ ترین

دنیا بھر میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری، امریکا اور بھارت سرفہرست

واشنگٹن / برازیلیا / نئی دہلی: دنیا بھر میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 2 کروڑ 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی، امریکا، برازیل اور بھارت کرونا وائرس کیسز کے لحاظ سے بدستور پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 کروڑ 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی، دنیا بھر میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 64 لاکھ 56 ہزار سے زائد ہے۔

اب تک دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 7 لاکھ 37 ہزار 135 ہوچکی ہے جبکہ 1 کروڑ 30 لاکھ سے زائد کرونا کے مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

کرونا وائرس کے کیسز اور اموات کے لحاظ سے امریکا سب سے زیادہ متاثر ہے، امریکا میں اب تک کرونا وائرس سے 1 لاکھ 66 ہزار 44 اموات ہوچکی ہیں۔

امریکا میں کرونا وائرس کے 23 لاکھ 90 ہزار سے زائد فعال کیسز ہیں جبکہ 17 ہزار سے زائد زیر علاج مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

امریکا میں کرونا وائرس کے اب تک 52 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 26 لاکھ سے زائد کرونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

دوسرے نمبر پر برازیل ہے جہاں کرونا وائرس کے اب تک 30 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اموات 1 لاکھ 1 ہزار 752 ہوگئی ہیں۔

بھارت کرونا وائرس کیسز کے لحاظ سے دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے، بھارت میں اب تک 22 لاکھ 67 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 45 ہزار 353 ہوچکی ہے۔

کرونا وائرس کیسز کے حوالے سے روس اور جنوبی افریقہ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں، وبا کے آغاز میں سب سے زیادہ متاثر ملک اٹلی میں کئی روز سے کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

دوسری جانب چین میں ایک بار پھر کرونا وائرس سر اٹھاتا دکھائی دے رہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں چین میں 44 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

Comments

- Advertisement -